فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ صوبہ کے اکثر مقامات پر وسط اپریل کے بعد سے گندم کی فصل پکنے کی صورت میں کٹائی کا عمل شروع ہونے والا ہے لہٰذا کاشتکار اس موقع پر انتہائی احتیاط سے کام لیں اور اچھی طرح فصل پکنے کے بعد اس کی کٹائی کریں لیکن بارش کے دوران فصل کی کٹائی نہ کی جائے نیز کٹائی کے دوران تسلسل کے ساتھ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر کی جانے والی محکمہ موسمیات کی پیشگوئیاں بھی توجہ سے سنی جائیں تاکہ فصل کو ہر قسم کے نقصان سے بچانا ممکن ہو سکے۔
محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ ابھی پنجاب کے اکثر علاقوں میں گندم کی فصل پوری طرح پک کر تیار نہ ہوئی ہے اس لئے کاشتکار جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں اور فصل کی کٹائی اسی وقت شروع کی جائے جب وہ مکمل طور پر پک کر تیا ر ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹائی کے بعد فصل کو زیادہ دیر تک کھیت میں نہ رکھا جائے نیز ذخیرہ کیلئے گودام کو ہوا دار رکھا جائے جس میں نمی کاتناسب 10فیصد ہو ۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔