فردوس عاشق اعوان

گلے سڑے نظام میں اصلاحات کےلئے چیلنجز درپیش ہیں، فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ(عکس آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماضی میں طاقتور نے قانون کو اپنے مفاد کے ساتھ جوڑا ہوا تھا، گلے سڑے نظام میں اصلاحات کےلئے چیلنجز درپیش ہیں،مافیا جانتا ہے کہ عمران خان کی کامیابی سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی،حکومت کو اچھی طرح علم ہے کہ وہ گٹھ جوڑ کیاہے،ذاتی درد سے جڑے بیانیے والے سارے چور عدالتوں سے ریلیف لے کر باہر آرہے ہیں، مفاہمت اور این آر او کی سیاست عوام کی نظروں سے اوجھل نہیں رہی۔

اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں طاقتور نے قانون کو اپنے مفاد کے ساتھ جوڑا ہوا تھا، گلے سڑے نظام میں اصلاحات کےلئے چیلنجز درپیش ہیں، گٹھ جوڑ کے خلاف وزیراعظم کی جدوجہد آخری مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے، وزیراعظم کی اصلاحات پالیسی کو مافیا ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے، مافیا جانتا ہے کہ عمران خان کی کامیابی سے ان کی سیاسی دکانیں بند ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران کے بعد اب چینی بحران کےلئے کچھ نیٹ ورک متحرک ہیں، حکومت کو اچھی طرح علم ہے کہ وہ گٹھ جوڑ کیاہے، وزیراعظم عمران خان نے آٹا بحران پر صوبائی حکومتوں کو متحرک کیا، وزیراعظم عوام سے کیے گئے وعدوں سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی نظام کو جان بوجھ کر مفلوج رکھا گیا، عوام میں ابہام پیدا کیا جا رہا ہے، ذاتی درد سے جڑے بیانیے والے سارے چور عدالتوں سے ریلیف لے کر باہر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان ہے تو دوسری طرف مافیا، مفاہمت اور این آر او کی سیاست عوام کی نظروں سے اوجھل نہیں رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں