خرم دستگیر خان

گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل دھاندلی ہوچکی ،فاشسٹ حکومت نے ہمارے آٹھ وزرا کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مجبور کیا،خرم دستگیر خان

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل دھاندلی ہوچکی ہے،فاشسٹ حکومت نے ہمارے آٹھ وزرا کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مجبور کیا،ہمارے کچھ سابق وزرا آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں،جس طرح کی انتخابی مہم مریم نواز نے چلائی مسلم لیگ (ن )غیر متوقع نتائج دے گی،اگر الیکشن چوری نہ ہوا تو اپوزیشن ہی گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی ۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پارٹی کی جانب سے سکردو الیکشن مانیٹرنگ کیلئے جارہا تھا،ہم نے عوام کی رائے کو مانیٹر کرنا ہے تاکہ کوئی الیکشن چوری نہ کرسکے۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات سے قبل دھاندلی ہوچکی ہے،اس فاشسٹ حکومت نے ہمارے آٹھ وزرا کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مجبور کیا،ہمارے کچھ سابق وزرا آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ووٹ کی عزت کا نعرہ لے کر مریم نواز گلگت کے کونے کونے میں گئیںجس طرح کی انتخابی مہم مریم نواز نے چلائی مسلم لیگ (ن )غیر متوقع نتائج دے گی۔ انہوںنے کہاکہ اگر الیکشن چوری نہ ہوا تو اپوزیشن ہی گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی ۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں سرکاری وسائل استعمال ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے قانون پڑھے بغیر گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کا اعلان کردیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے لالچ، عہدوں اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا،نتائج کیلئے ہم اللہ کے حضور پر امید ہیں، انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کے قیام کے وقت نوازشریف نے فیصلہ کرلیا تھا ہم نے عطار کے لونڈے سے دوا نہیں لینی،ہم نے عطار سے بات کرنی ہے،جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں خرابی پیدا کی بات ان سے کرنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کراچی والا واقعہ اس کی زندہ مثال ہے ،اس حکومت کو عوام اور احتجاج کے زور پر چلتا کریں گے،پاکستان کو آگے لے کر جانے کے لیے بات تو کریں گے تاہم عوام کے سامنے ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں