ویڈیو پیغام

گلوکار عارف لوہار کا اہلیہ کی وفات کے بعد ویڈیو پیغام

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیجنڈری لوک گلوکار عارف لوہار نے اہلیہ کی وفات کے بعد پہلا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔پیغام میں گلوکار نے بتایا کہ اہلیہ کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کے بعد 27 رمضان المبارک کو اللہ پاک نے انہیں اپنے پاس بلا لیا۔حال ہی میں عارف لوہار نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ ویڈیو جاری کی جس میں ان کے ہمراہ تین بیٹے بھی موجود ہیں۔مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے عارف لوہار کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کی بے پناہ محبت اور دعائیں ملیں، میرے چاہنے والوں اور فنکار برادری نے بھی افسوس کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ویڈیو تمام مداحوں کو شکریہ ادا کرنے کیلئے ہے، میرے بچے آپ سب کے لیے دعا گو ہیں اور رہیں گے، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ہے کب اور کس وقت ختم ہوجائے۔عارف لوہار نے اپنے والد اور اہلیہ کے ایصالِ ثواب کیلئے لوگوں سے درود پاک پڑھنے کی درخواست بھی کی اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں اور اپنے چاہنے والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی آن اسکرین اپنی آواز کا جادو جگاتے دکھائی دیں گے۔واضح رہے عارف لوہار کی اہلیہ 9 مئی کو لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں