گفٹ یونیورسٹی

گفٹ یونیورسٹی کے طلباءگروپ کا پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ

لاہور(عکس آن لائن)گفٹ یونیورسٹی کے طلباء کے 40 رکنی وفد نے ممبرپنجاب اسمبلی محترمہ خدیجہ عمر کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد کو ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے پنجاب اسمبلی کے متعلق بریفنگ دی۔ وفد سے خطاب کے دوران ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک نے کہا کہ ہمارے سٹوڈنٹس کا وژن غیر ملکی سٹوڈنٹس کی نسبت زیادہ وسیع ہے بشرطیکہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔ڈی جی نے امید ظاہر کی کہ وفد میں شریک تمام طلباء اپنی عملی زندگی میں ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔

عنایت اللہ لک نے طلباء کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور قانون سازی کے حوالے سے مکمل بریفننگ دی۔انہوں نے مطالعاتی وفد کے طلباء کو پنجاب اسمبلی کا ایوان‘ مختلف شعبہ جات اور نئی اسمبلی بلڈنگ کا ماڈل بھی دیکھا یا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کی لائبریری سے متعلق بریفنگ میں طلباء کو بتایا کہ اس وقت لائبریری میں چھیاسٹھ ہزار کتب موجود ہیں۔عنایت اللہ لک نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر سے اسمبلی کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے تاہم رومن طرز تعمیر کی موجودہ تاریخی عمارت کو محفوظ رکھا جائے گا۔انہوں نے طلباء کو اسمبلی کی ساخت‘ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارکردگی اور اسمبلی قوانین کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ2003 سے اس کے تمام اجلاس اسمبلی کی ویب سائٹ پر براہ راست دیکھے جاتے ہیں۔ طلباء نے اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں گہری دلچسپی لی اور ڈائریکٹر جنرل، پنجاب اسمبلی سے مختلف سوالات کیے۔ جن کے انہوں نے تسلی بخش جوابات دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں