کارپٹ ایسوسی ایشن

کینیا میں پہلی پاکستان افریقہ تجارتی کانفرنس خوش آئند ،اس طرز کی سرگرمیاں بڑھانا ہونگی‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کینیا میں منعقدہ پہلی پاکستان افریقہ تجارتی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کےلئے اس طرز کی سر گرمیاںبڑھانے کی اشدضرورت ہے ،پاکستانی مصنوعات کی سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کیلئے حکومتی سرپرستی میں الگ شعبہ قائم کر کے اس میں پرائیویٹ سیکٹر سے نوجوانوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے برآمدی شعبوںاور مینو فیکچرننگ صنعتوںکوسہولت دینے کے اقدامات ستائش ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ برآمدی شعبوںکو درپیش دیرینہ مسائل بھی حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کینیا میں منعقدہ پہلی تجارتی کانفرنس کے انعقادسے پاکستانی اور افریقی تاجروں کو روابط بڑھانے کے مواقع میسر آئے ہیں اور انہیں چاہیے کہ باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی اور مربوط اقتصادی تعاون کےلئے مشترکہ تجاویز تیار کریں، نمائش میںاعلیٰ حکومتی شخصیات کی شرکت بھی دورس نتائج کی حامل ہو گی ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت نظرانداز مارکیٹوں تک رسائی کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے کیونکہ موجودہ حالات میں ہمیں برآمدات بڑھانے کےلئے کسی بھی طرح کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے ، پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کےلئے سوشل میڈیا کو ٹول کے طو رپر استعمال کیا جا سکتاہے ، اس کےلئے حکومتی سر پرستی میں الگ شعبہ قائم کیا جائے اورتمام مصنوعات کے الگ الگ پویلین بنا ئے جائیں ۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ حکومت ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی مصنوعات کی صنعت کی بھی سرپرستی کرے اور اس کے ذریعے دیہی علاقوںمیں انقلاب برپا کیا جا سکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں