کھیلوں

کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 14.29 فیصد کمی ہوئی

کراچی(عکس آن لائن)رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کھیلوں کے سامان کی قومی برآمدات میں 14.29 فیصد کمی ہوئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم 87.069 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات سے 101.590 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران کھیلوں کے سامان کی ملکی برآمدات میں 14.521 ملین ڈالر یعنی 14 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پی بی ایس کے مطابق فٹ بالز کی برآمدات 25.44 فیصد کی کمی سے 57.383 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 42.782 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں اور اسی طرح دستانوں کی برآمدات بھی 16.36 فیصد کمی سے 27.692 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 23.161 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔دوسری جانب کھیلوں کے دیگر متفرق سامان کی برآمدات میں 27.92 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 16.515 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.126 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020کیدوران برآمدات میں 21.46 فیصد کمی ہوئی اور برآمدات کا حجم 20.387 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔اکتوبر 2019 کے دوران 25.957 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اسی طرح ستمبر 2020 کے مقابلہ میں بھی اکتوبر 2020 میں کھیلوں کے سامان کی مجموعی برآمدات 4.54 فیصد کم ہو گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں