کھیرے

کھیرے کی اگیتی کاشت مارچ میں کی جاسکتی ہے،ڈائریکٹر زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)پرنسپل ایگریکلچر آفیسر و ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمیدنے کہاکہ پنجاب میں گزشتہ سال4305ایکڑ رقبہ پر کھیرے کی کاشت سے اوسطا242 من فی ایکڑ کے حساب سے 38952 ٹن ریکارڈ فصل حاصل ہوئی جبکہ کھیرے کی فصل کے لیے معتدل وخشک آب و ہوا موزوں ہے اور ہوامیں زیادہ نمی سے پھپھوند کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیرے کے بہترین اگا کیلئے درجہ حرارت 18سے24 ڈگری سینٹی گریڈ اور بہتر نشوونما کیلئے 27سے35 ڈگری سینٹی گریڈ ہوناچاہیے لہذاکاشتکار زمین کی تیاری کے دوران نامیاتی مادوں کی مقدار میں مناسب اضافہ کیلئے فصل کی کاشت سے قبل فی ایکڑ 10 سے 12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اسے زمین میں ضرور مکس کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کا حصول یقینی ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ کھیرے کی اگیتی کاشت مارچ اور پچھیتی جولائی میں کی جاسکتی ہے جبکہ کاشتکار ایک ایکڑ رقبہ کیلئے کھیرے کا ایک کلو گرام صحت مند بیج استعمال کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ کھیرے کی کاشت کیلئے ذرخیز میرازمین موزوں ہوتی ہے لہذاکلراٹھی اور شور زدہ زمین میں کھیرے کی کاشت سے گریز کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کھیرا موسم گرما کی انتہائی مفید سبزی ہے جس کا استعمال زیادہ تر سلاد کے طور پر کیاجاتاہے اور اساسی اجزاکی فراوانی کے باعث کھیراا نسانی جسم میں تیزابیت کو کم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔انہوں نے ٹماٹر اور مرچ کی کاشت پنیری کے ذریعے کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا

کہ کاشتکار اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے 30سے 35روزہ عمر کی پنیری کو ماہرین زراعت کی سفارشات کے مطابق پٹڑیوں پر مناسب فاصلے پر منتقل کر دیں۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں اگائی جانے والی سبزیوں کی کاشت کا بہترین وقت مارچ کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کریلا، گھیاکدو، چپن کدو، گھیاتوری، تر اور کھیرے کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کی دونوں جانب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرماکی سبزیوں کی کاشت کیلئے ایسی اقسام کابیج منتخب کیاجائے جو ہمارے موسمی حالات کے مطابق بہتر اگا کاحامل اور کیڑے مکوڑوں سمیت مختلف بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت رکھتاہو۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات یارہنمائی کیلئے زرعی ماہرین سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں