ادارہ شماریات

کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمد میں 56.48 فیصد اضافہ ،8 ماہ میں 867 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا ء درآمد کی گئیں

لاہور(عکس آن لائن)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان نے 8 ماہ میں 867 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا ء درآمد کیں جبکہ کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمد میں گزشتہ سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 56.48 فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی تا فروری کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمد 554 ارب14کروڑ 40لاکھ روپے تھی۔جولائی تافروری چینی کی درآمد میں 6 ہزار فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا اور اس عرصے میں 20 ارب 63 کروڑ 50 لاکھ روپے کی چینی درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 33 کروڑ 40 روپے کی چینی درآمد کی گئی تھی۔جولائی تافروری147ارب 26کروڑ30لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں گندم کی درآمد صفر تھی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کی درآمدمیں سالانہ بنیادوں پر 194.35 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تافروری 10ارب47کروڑ60لاکھ روپے کے خشک میوہ جات درآمد کیے گئے، گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 ارب 55 کروڑ 90 لاکھ روپے کے میوہ جات درآمد کیے گئے تھے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 8 ماہ میں 257 ارب 44 کروڑ 60 لاکھ روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 184 ارب 24 کروڑ 90 لاکھ روپے کا خودرنی تیل درآمد کیاگیاتھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق 8 ماہ میں مصالحہ جات کی درآمد میں 36.76 فیصد جبکہ چائے کی درآمد میں 22.11 فیصد اضافہ ہوا۔جولائی تا فروری 61 ارب 72 کروڑ روپے کی چائے درآمد کی گئی، گزشتہ سال اسی عرصے میں 50ارب 54 کروڑ 60 لاکھ روپے کی چائے درآمد کی گئی تھی۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ مالی سال کے 8 ماہ میں 61 ارب 40 کروڑ 80 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 58ارب43کروڑ40لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئی تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات میں 58.08 فیصد کا اضافہ ہوا اور موبائل فونز کی درآمدات 213 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ روپے رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں موبائل فونزکی درآمدات 134 ارب 80 کروڑ 60لاکھ روپے تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں