سرحدیں بند

کورونا وائرس ،بھارت نے پاکستان کے ساتھ ملنے والی تمام سرحدیں بند کر دیں

دہلی(عکس آن لائن)بھارت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب پاکستان کے ساتھ ملنے والی تمام سرحدیں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے ساتھ تمام بارڈرز جہاں سے مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے15مارچ سے تا حکم ثانی بند کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ کرتار پور راہداری سے زائرین کی آمدورفت بھی تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق رات 12بجے سے زائرین کی آمدورفت کے لیے رجسٹریشن مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔واضح رہے کہ بھارت میں بھی عالمی وبا کورونا سے 100 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 2ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔بھارت میں بھی کورونا وائرس کے باعث سخت حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت انڈین پریمئر لیگ(آئی پی ایل)سمیت اہم ایونٹس منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔جب کہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 33 ہو گئی جس میں سے دو افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں جب کہ باقی افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں