ریزرو بینک آف انڈیا

کورونا وائرس ،بھارتی مرکزی بنک کا بڑا قدم

نئی دہلی(عکس آن لائن )بھارت کے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)نے معیشت پر کورونا کے اثرات کم کرنے کیلئے نہ صرف پالیسی ریٹس (شرحوں) میں زبردست کمی کی ہے بلکہ ماہانہ قسطوں کی وصولی پر بھی تین ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی ہے ۔

آر بی آئی کی مالیاتی پالیسی کمیٹی کی جائزاتی میٹنگ کے بعد آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے ان فیصلوں سے متعلق اطلاعات دیں۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل مرکزی حکومت کی جانب سے لوگوں کیلئے 1.70 لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کے اعلان کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آر بی آئی گورنرنے کہا کہ اس وائرس کے سبب ہر طرح کے فکس قرض کی یکم مارچ 2020 سے تین ماہ تک وصولی نہ کرنے کی ہدایت تمام بینکوں کو دے دی گئی ہے ۔ اس میں کمرشیل بینکوں کے ساتھ ہی علاقائی دیہی بینک، اِسمال فائنانس بینک، مقامی علاقائی بینک، کوآپریٹیو بینک، تمام مالی ادارے اور این بی ایف سی شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ورکنگ کیپیٹل (سرمایہ) کے لیے نقد قرض اور ڈرافٹ وغیرہ پر یکم مارچ سے تین ماہ تک سود کی وصولی ملتوی کی جائے اور اس بقایا سود کی وصولی تین ماہ بعد کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عالمی سطح پر مالی مندی (کساد بازاری)آ رہی ہے ۔ ہندوستان پر بھی اس کا اثر ہوگا لیکن ہندوستانی معیشت کی بنیاد 2008-09 کے عالمی کساد بازاری کے بحران کے وقت سے زیادہ مضبوط ہے ۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات معیشت پر کم کرنے کے مقصد سے پالسیز اور ضوابط آسان کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے سبب مہنگائی پر کم اثر پڑنے کی امید ہے کیونکہ اس دوران مانگ متاثر ہوگی اور عالمی سطح پر تیلی کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ ہندوستان کو ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک کورونا وائرس کے مالی اثرات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے اور مالی استحکام قائم رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔ داس نے کہا کہ جنوری-فروری 2020 میں پیاز کی قیمتوں میں رہی تیزی کے سبب اشیائے خوردنی کی شرحِ مہنگائی میں ریزرو بینک کے اندازے کے مطابق 30 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔

حالانکہ کورونا وائرس کے سبب مانگ میں کمی آنے سے مستقبل میں مہنگائی میں کمی کی امید ہے اور کمیٹی کی جانب سے کیے گئے مالیاتی منصوبوں کے باوجود مہنگائی کو چار فیصد کی مقررہ حد سے دو فیصد اوپر نیچے رکھنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں