لاہور (عکس آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معیشت دباو میں ہے، سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوا، کورونا کے باعث نئی ترجیحات کاتعین کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار سے صوبائی مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے ملاقات کی،
اس موقع پر معیشت کو مضبوط اورمحکموں کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔ کورونا وباءکے تناظر میں ترقیاتی، بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بزنس کے فروغ اورسرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ سماجی تحفظ کیلئے بھی پوری توجہ اور انفرادیت کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ حالات کے مطابق ترجیحات بھی تبدیل ہوتی ہیں۔ آئندہ مالی سال بھی پنجاب کے ہر شہر کی ترقی کو فوکس کیا جائے گا۔ ترقی کی یکساں پالیسی ہماری ترجیح ہے۔