مکئی کی تیار شدہ فصل

کم دھوپ اور موسم میں نمی کے باعث مکئی کی تیار شدہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال،ماہرین زراعت کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے کہا کہ مکئی کی برداشت کے موقع پر انتہائی احتیاط سے کام لیاجائے کیونکہ موسم کی تبدیلی ، کم دھوپ ،فضا میں نمی کے باعث تیار شدہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے لہٰذا کاشتکار چھلیاں خشک اور دانے الگ کرکے پیداوار کو اچھی طرح محفوظ بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ مکئی کی کٹائی سے پہلے پیداوار کے اندازے کے مطابق زمین سے ایک فٹ اونچے چبوترے بنا لئے جائیں جو درمیان سے ذرا اونچے ہوں تاکہ اگر بارش ہو جائے تو پانی ان چبوتروں کے اوپر نہ ٹھہر سکے ۔انہوں نے کہاکہ جب چھلیوں کے اندرونی پردے خشک ہوجائیں ، دانوں میں ناخن نہ چبھے اوراگر دانے چھلی سے اکھاڑ کر دیکھے جائیں تو اِن کے نوک دار سرے سیاہ ہوچکے ہوں تو سمجھ لیا جائے کہ فصل کٹائی کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سکھانے کیلئے رکھی گئی چھلیوں کو الٹ پلٹ بھی کرتے رہنا چاہیے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام ایم ایم آر آئی ییلو، پرل، ساہیوال2002 اور اگیتی2002 وغیرہ کا بیج ایسے کھیتوں سے اگلی فصل کیلئے رکھا جائے جن کے اردگرد تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم کاشت نہ کی گئی ہو ورنہ بیج خالص نہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں