سراج الحق

کمزور حکومت کی نکیل مافیا کے ہاتھ میں ہے،سراج الحق

لاہور (عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کمزور حکومت کی نکیل مافیا کے ہاتھ میں ہے ۔19 ماہ سے حکومت صرف تقریر یں کر رہی ہے ۔

وزیراعظم مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہے ہیں اور بازاروں میں ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہاہے ۔ ملک میں چھانگا مانگا کی سیاست ہورہی ہے ۔ مثبت تبدیلی دور بین سے بھی نظر نہیں آتی ۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی مگر پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف نہیں ملا ۔ کرونا وائرس کا خوف حکومت خود پھیلا رہی ہے تاکہ عوام ہراساں ہوں اور مہنگائی و بے روزگاری کو بھو ل کر بیماری کے خوف میں مبتلا رہیں ۔ دنیا کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے سود کم کر رہی ہے اور ہمارے حکمران سود کو حرام ماننے کے باوجود اس سے تائب نہیں ہو رہے ۔

یہ وقت استغفار کا ہے حکمران اللہ او ر رسول ؐ کے احکامات سے بغاوت کی بجائے اجتماعی توبہ و استغفا ر کریں تاکہ اس عذاب سے بچا جاسکے ۔ قوم کی درست سمت رہنمائی کے لیے علمائے کرام کو قیادت کا فرض ادا کرنا چاہیے۔ مدارس اسلام کے قلعے ہیں ، ان کی حفاظت ہمار ے لیے عین عبادت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم منصورہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی دستار بندی اور ختم بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ القرآن و الحدیث حضرت مولانا عبدالمالک نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا ۔ تقریب سے حافظ محمد ادریس اور حافظ ساجد انور نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے ہزاروں دینی مدارس میں 35 لاکھ کے قریب طلبا و طالبات قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن حکومت کا رویہ ان مدارس اور بچوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا ہے ۔ سالانہ بجٹ میں ان مدارس کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے جاتے ۔

حکومت مدارس پر مکمل کنٹرول کر کے انہیں آئی ایم ایف اور عالمی استعمار کی ڈکٹیشن کے مطابق چلانا چاہتی ہے جس کے لیے آئے روز حکومتی حلقوں اور وزراء کی طرف سے مدارس کے خلاف زہر یلا پراپیگنڈا سننے میں آتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت یکساں نصاب اور نظام تعلیم کا اپنا وعدہ پورا کر ے اور مدارس کو تعلیمی فنڈز مہیا کیے جائیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے علمائے کرام سب سے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ منبر و محراب سے کرپشن ، بدعنوانیوں ، ظلم و جبر اور غریب عوام کے استحصال کے خلاف آواز اٹھنی چاہیے ۔

علمائے کرام معاشرے کی بہتری کے لیے قرآن و سنت کے احکامات کو عام اور معاشرے میں پھیلتے ہوئے کرپشن کے سرطان کے خلاف جہاد کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی و خوشحال پاکستان قوم کی منزل ہے ۔ اس منزل کے حصول کے لیے علمائے کرام کو قوم کی رہنمائی اور قیادت کا فرض ادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں