نعمان احمد لنگڑیال

کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا آخری مرحلہ ، کشمیری نظریہ پاکستان کی تکمیل اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں’ نعمان لنگریال

لاہور( عکس آن لائن ) صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ مودی کا نظریہ ہٹلر ازم ہے جو آخرکار بھارت کو ہی لے ڈوبے گا ،کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا آخری مرحلہ ہے ، کشمیری نظریہ پاکستان کی تکمیل اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اگر کشمیر آزاد ہوگا تو پاکستان کی شہ رگ آزاد ہوگی ،وزیر اعظم عمران خان نے مظلوم او رنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پوری دنیا کے سامنے موثر انداز میں اجاگر کیا ہے ۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان میں صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان کا چپہ چپہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ باورکرانا ہے کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہیں اور ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح گزشتہ سات دہائیوں کے زائد عرصہ سے کوئی ظلم اورجبر و استبداد کشمیری عوام کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد سے روک نہیں سکا اسی طرح کشمیری عوام کیلئے پاکستانی عوام کی حمایت بھی غیر متزلزل ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہندوستان کا نقشہ بدلنے کی مکمل صلاحت رکھتی ہیںلیکن اس کے باوجود پاکستان نے کبھی بھی امن کا دامن نہیں چھوڑا ۔انہوں نے کہا کہ آج نہیں تو کل کشمیریو ں کو بھارتی تسلط اور جبر سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کے مطابق فیصلے کرنا کا حق حاصل ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں