فردوس عاشق اعوان

کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاش اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاکستانی قوم ہر قسم کے حالات میں کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اوراس کے عوام کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی،غیر متزلزل حمایت اور ہرمحاذپر ڈٹ کرساتھ دینے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔ کشمیری بھارتی ظلم اور بربریت کا جرات اوراستقامت سے مقابلہ کررہے ہیں۔

حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔بھارت جان لے کہ حق، سچ اور اصول پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، جبر اور ظلم شکست نہیں دے سکتا۔ دوسری طرف فردوس عاش اعوان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر بھارتی بربریت اور بہیمانہ مظالم سے بھرپور کہانی ہے، بھارت نے اپنے وعدے پورے کرنے یا ان کی تجدید نو کی بجائے وادی بھر میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 1989 سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا بھارت کی تمام حکومتیں بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے اقدام کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورت حال پر بڑی تشویش ہے،80 لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر کے رکھا ہوا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ یہی وہ وقت ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے چیمپئنز کہلانے پر فخر کرنے والے ممالک بھارتی حکومت پر دبا ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا محاصرہ ختم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں