لاکھوں روپے کی ڈکیتی

کسووال حماد سٹی میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی، اہل خانہ کو یرغمال بنا کرتشدد بھی کیا

کسووال(نمائندہ عکس آن لائن) کسووال حماد سٹی میں لاکھوں روپے کی ڈکیتی ،15سے زائد مسلح ملزمان اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 5تولے طلائی زیورات اور 3لاکھ روپے نقد اور دیگر گھریلو قیمتی پارچا جات لوٹ کر لے گئے مزاحمت پر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے ۔

تفصیل کے مطابق گزشتہ رات 11بجے کے بعدنامعلوم 15مسلح ملزمان حماد سٹی کسووال اوکانوالہ روڈ پر واقع عبدالمجید ولد معراج دین چوہان کے گھر میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر عبدالمجیداور اس کے دیگر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر 3لاکھ روپے کی نقدی،5تولے طلائی زیورات اور گھریلو قیمتی پارچاجات مالیت تقریباََ۱یک لاکھ50ہزار روپے لوٹ کر لے گئے جبکہ مسلح ملزمان مزاحمت پر عبدالمجید کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے۔ ملزمان اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے مال مسروقہ گھر کے صحن میں ہی بیٹھ کر تقسیم کرتے رہے ۔

واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی چیچہ وطنی ساجد محمود گوندل جائے وقوع پر پولیس کسووال کے ہمراہ پہنچ گئے ۔وہاں پر موجود عینی شاہدین ،اہل محلہ سے واردات کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرتے رہے ۔عبدالمجیدنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھر کے قریب خواجہ سراﺅں نے رہائش رکھی ہوئی ہے اوران کے گھر میں اکثر و بیشر لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے اور مسلح ڈاکوﺅں کے ہمراہ انہی خواجہ سراﺅں نے ہی وقوع کے وقت ہمارے گھر کا دروازہ کھلوایا کہ ہمارے مہمان آئے ہیں ہمیں چارپائی دے دیں ۔جب میں نے دروازہ کھولا تو 15سے زائد مسلح ڈاکو گھر میں گھس آئے مجھے اور میرے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی اور خواتین سے بدتمیزی کرنے سے منع کرنے پر اور مزاحمت کرنے پر مجھے شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں