کسان پیکیج

کسان پیکیج خوش آئند، استعمال شدہ ٹریکٹر درآمد کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے’ لاہور چیمبر

لاہور (عکس آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کسان پیکیج کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ استعمال شدہ ٹریکٹرز کی درآمد کی اجازت دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیونکہ اس سے مقامی مینوفیکچررز بری طرح متاثر ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ کسان پیکیج زرعی شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھے گا جس کے لیے اٹھارہ سو ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، اس سے زرعی شعبے کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی جو حالیہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے تیرہ روپے فی یونٹ بجلی، سولر ٹیوب ویلز کے لیے قرضے، ایس ایم ایز کے لیے رقم مختص کرنا اچھے اقدامات ہیں۔

تاہم استعمال شدہ ٹریکٹرز کی اجازت دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے مقامی ٹریکٹر ساز اداروں کو بھاری نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ٹریکٹر مینوفیکچررز کے ساتھ دس لاکھ سے زائد افراد کا بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ وہیکلز آلودگی پھیلاسکتے ہیں جو کہ ملک کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کسی ایک شعبے کا فائدہ کسی دوسرے شعبے کے نقصان کا سبب نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی ٹریکٹر مینوفیکچررز کے مسائل حل کرے اور سہولیات دے جو نہ صرف زرعی شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے بلکہ قومی برآمدات میں بھی خاطر خواہ حصہ ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت معیشت کے وسیع تر مفاد میں استعمال شدہ ٹریکٹرز کی درآمد کی اجازت دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں