اسلام آباد(عکس آن لائن)صحافی عمران ریاض خان نے اپنے خلاف تھرابی جھیل کا ٹھیکہ اونے پونے داموں لینے کے کیس میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی۔
درخواست میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ اظہر صدیق اور رانا معروف کی وساطت سے دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کے خلاف جھوٹا، بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا، عمران ریاض خان کو سیاسی اور ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ عمران ریاض کے خلاف اینٹی کرپشن کے پاس ایک بھی ثبوت نہیں ہے۔استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران ریاض خان کی درخواست ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔
درخواست ضمانت اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی ضلع کچہری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جنہیں عمران ریاض کو 22 اور 23فروری کی درمیانی شب سادہ کپڑوں میں ملوث اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
صحافی کے بھائی یوسف نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران ریاض کو لاہور ڈیفنس روڈ پر واقع سوسائٹی میں گھر سے نامعلوم مسلح افراد نے حراست میں لیا اور اپنے ہمراہ لے کر روانہ ہوگئے۔عمران ریاض نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا تھا کہ تھرابی جھیل کا گزشتہ ٹھیکہ ایک کروڑ 10 لاکھ کا تھا، ہم نے یہ ٹھیکہ 4کروڑ روپے سے زائد کا لیا۔
اینٹی کرپشن حکام نے عمران ریاض کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔