لندن(عکس آن لائن ) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ عالمگیر وبا کے سب سے خطرناک مرحلے میں داخل ہوسکتا ہے، کروناوائرس کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔
غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ کروناوائرس کے تناظر میں ہمیں سب سے زیادہ خطرات ہیں، برطانیہ میں جو صورت حال آج ہے وہ اس سے پہلے نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے میں مل کر محنت کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ حالات میں برطانیہ میں لاک ڈاؤن ختم نہیں کیا جاسکتا، کرونا کے باعث ملک میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔برطانیہ میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد 31 ہزار 500 ہوگئی ہے جبکہ دو لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ خیال رہے کہ ملک میں جزوی طور پر کاروباری مراکز اور نجی و سرکاری دفاتر کھل چکے ہیں لیکن لاک ڈاؤن تاحال برقرار ہے۔
ممکنہ طور پر (آج) پیر کو بورس جانسن ملازمین سے متعلق خصوصی ایس او پیز کا اعلان کریں گے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 50 صفحات پر مشتمل خصوصی پلان تشکیل دیا جاچکا ہے، خصوصی منصوبے کے تحت معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔