چوہدری سرور

کرتارپورراہداری منصوبہ بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہورہا ‘ چوہدری سرور

لاہور(عکس آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے اقلیتی رکن اسمبلی سر دار مہندر پا ل سنگھ کی قیادت میں وفد نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ،گور نر چوہدری محمدسرورنے سکھ برادری کوباباگرونانک کے جنم دن پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ کرتارپورراہداری منصوبہ بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہورہا ،پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ تر ین جبکہ بھارت اقلیتوں کیلئے خطر ناک ترین ملک بن چکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت نے قائدا عظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دی ہے اور انکے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے باباگرونانک کے جنم دن کی تقریبا ت میں شر کت کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کو بھی سیکورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت میں اقلیتوں کیساتھ بدترین دہشت گردی ہو رہی ہے جس میں وہاں کی حکومت فوج اور پولیس سمیت انکے دیگر ادارے بھی بر ابر کے شریک ہیں نر یندر مودی آر ایس ایس کے مشن کو آگے لیکر چل رہا ہے مسلمانوں سمیت بھارت میں بسنے والی دیگراقلیتوں کو دن دیہاڑے قتل کر دیا جاتا ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو شرمناک ہے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود کر تارپورراہداری کا منصوبہ بر وقت نہ صرف مکمل کیا ہے بلکہ اس کو سکھ یاتریوں کیلئے کھول بھی دیا مگر بھارت آج تک اس منصوبے کو دل سے تسلیم نہیں کر رہا اس لیے بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کو بھی روک رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرسے جب بھی کوئی سکھ یاتری پاکستان آتا ہے تو ہم اس کو خوش آمدید کہتے ہیں پاکستان میں سکھوںسمیت دیگر اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی اس لیے پاکستان اقلیتوں کیلئے دنیا کا محفوظ تر ین ملک بن چکا ہے ہم قائدا عظم کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں