حافظ نعیم الرحمن

کراچی کے وسائل ،نمائندگی اور ملازمتوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مردم شماری میں اہل کراچی کی گنتی پوری نہ کرکے ایک بار پھر کراچی کے وسائل ،نمائندگی اور ملازمتوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ، کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے ، قومی خزانے میں 67فیصد ریونیو جمع کراتا ہے ، صوبے کے بجٹ کا 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے ، کراچی کے عوام کا جائز اور قانونی حق ہے کہ ان کی گنتی پوری کی جائے ، جب ہمیں پورا گنا ہی نہیں جائے گا تو حق کیسے ملے گا ، مردم شماری وفاق کا معاملہ ہے، گورنر سندھ بتائیں کہ کراچی کی آبادی پر شپ خون کیوں مارا جارہا ہے۔

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے مشترکہ گورنر، گورنر ہاؤس میں افطاری اور مہندیاں لگوانے کے بجائے کراچی کی آبادی درست کرائیںتاکہ اہل کراچی کو ان کا جائز اور قانونی حق مل سکے ، دنیا بھر میں کسی بھی مذہبی تہوار کے موقع پر حکومتیں اشیاء کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے حکمرانو ں کو عوام کے مسائل اور بڑھتی مہنگائی سے کوئی سرو کار نہیں اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا بھی کوئی نظام موجود نہیں،سندھ حکومت کے اسٹالز خالی ہیںاور جہاں اسٹالز لگائے گئے ہیں وہاں بھی کرپشن کی جارہی ہے،جماعت اسلامی کے تحت شہر میں متعدد مقامات پرسستے بازار وں کے ذریعے عوام کی خدمت کی جا رہی ہے ،الخدمت کے تحت یتیم بچوں اور بچیوںکے عید کے کپڑوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔

سستے تندور لگا کر سستی روٹیاں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب یوسی 8الفلاح نارتھ ناظم آباد بلاک Bمیں ضیاء الدین ہسپتال کے سامنے جماعت اسلامی کے تحت پھلوں اور سبزیوں کے سستے اسٹالز کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور پی آئی بی کالونی یوسی6(فاطمہ جناح کالونی)میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دعوت افطار میں پی آئی بی کالونی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ ، نائب امیر ضلع نصیر اللہ حسینی ، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، یوسی 6کے نو منتخب چیئر مین اسامہ صابر ،وائس چیئر مین قاری سیف الرحمن ، نامزد امیدوار وارڈ کونسلر انس امین و دیگر بھی موجود تھے جبکہ سستے اسٹالز کے دورے کے دوران نومنتخب وائس چیئرمین ذوالفقار احمد، کونسلر وارڈ 1 طارق بن نصیر ،ضیاء جامعی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ پھل ، سبزیوں،آٹے اور بیکری آئٹم کے سستے اسٹالز میں عوا م کا غیر معمولی رش رہا۔ اسٹالز رمضان المبارک کے آغاز میں لگائے گئے تھے جو تاحال جاری ہیں ،اسٹالز میں اشیاء کی قیمتیں مارکیٹ ریٹ سے انتہائی کم رکھی گئیں ہیں جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداداستفادہ کر رہی ہے ۔

اسٹالزکی کوریج کے لیے آئے ہوئے رپورٹرز اور کیمرہ مینوں نے بھی خریداری کی۔ علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کی اس کوشش پر خراج تحسین پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ وہ حلقہ ہے جہاں سے شہریوں نے بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کیا۔ جماعت اسلامی کے نومنتخب چیئرمین ، وائس چیئر مین اور کونسلرز نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایالیکن عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان علاقے کے سفید پوش لوگوں کے لیے ریلیف کا کام کررہے ہیں۔

کارکنان صبح صبح منڈی میں جاکر سبزیاں اور پھل خرید کر لاتے ہیں اور ان اسٹالز سے لوگوں کو کم قیمتوں پر فراہم کیے جاتے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام ملتوی شدہ 11نشستوں کے انتخابات میں بھی بھر پور حصہ لیں ، ترازو کراچی کی تعمیر وترقی کا نشان ہے ، عوام 18اپریل کو ترازو کو ووٹ دیں ۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اور میئر عوام کے مسائل حل کریں گے ، جماعت اسلامی کا میئر اہل کراچی کی مضبوط اور توانا آواز بنے گا ۔ یوسی 6پی آئی بی میں ہمارے چیئر مین اسامہ اور وائس چیئر مین قاری سیف الرحمن جیت چکے ہیں ۔

پی آئی بی کے عوام وارڈز کونسلرانس امین کو بھی کامیاب بنائیں اور ترازا کے نشان پر مہر لگائیں ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں بڑا پوٹینشل موجود ہے ، یہ شہر پورے ملک کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، کراچی کو مزید تباہ و برباد نہ کیا جائے ،اس شہر کو وڈیروں اور جاگیرداروں کی اوطاق بنانے کی کوشش نہ کی جائے ، عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور جماعت اسلامی کے میئر کا راستہ نہ روکا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں