کانووکیشن

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن 2019 ء ، ایم بی بی ایس کے 245 اور بی ڈی ایس کے 86 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں

کراچی(عکس آن لائن)کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن 2019 ء کے موقع پر ایم بی بی ایس کے 245 اور بی ڈی ایس کے 86 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ میئر کراچی وسیم اختر مہمان خصوصی تھے جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم عراقی، ڈپٹی میئر سید ارشد حسن، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، پرنسپل کے ایم ڈی سی ڈاکٹر محمود حیدر، ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینئر رہنماء عامر خان، پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل ،ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ ،ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ،بلدیاتی چیئرمین، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی و بلدیات فیکلٹی ممبرز اور طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر خالد ایم عراقی نے کانووکیشن کا آغاز کیا، چیئرپرسن کانووکیشن کمیٹی ڈاکٹر نرگس انجم نے ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹروں سے حلف لیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے وائس چانسلر کے ہمراہ طلباء میں ڈگری جبکہ شبینہ اشرف کو گولڈ میڈل، ڈاکٹر مریم، ڈاکٹر اقراء بٹ، ڈاکٹر بشرا انیس، ڈاکٹر سکینہ، ڈاکٹر حبصاء، ڈاکٹر رمیز عبدالرازق اور دیگر کو میڈل دیئے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر داخلے ملک بھر میں اس ادارے کی پہچان بن چکی اسی وجہ سے مختصر عرصے میں یہ ادارہ طبی تعلیم کے شعبے میں نمایاں ترقی کر کے ایک تسلیم شدہ انسٹیٹیوٹ کی شکل حاصل کرچکا،انہوں نے کہا کہ آج ہم فخر سے اس کا تعلیمی معیار اور یہاں طلبہ و طالبات کی پروفیشنل اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات میں کارکردگی کی تعریف کرتے ہیں جو ملک میں کسی بھی دوسرے طبی تعلیمی ادارے سے بہتر ہے۔ محدود وسائل میں رہتے ہوئے کے ایم سی کے 14 اسپتالوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ واحد میڈیکل کالج ہے جو ملک بھر میں کسی بلدیاتی ادارے کے ماتحت ہے۔ عباسی شہید اسپتال سمیت تمام اسپتالوں میں طبی سہولیات کا معیار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ادارے کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کو بہتر طبی سہولت فراہم کی جائیں۔طبی شعبوں میں ہونے والی ان کاوشوں کے دیرپا اثرات سامنے آئیں گے اور شہر کے متوسط طبقے کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں انڈر اور پوسٹ گریجویٹ طالبعلموں کی کلینکل ٹریننگ کا معیار بھی بلند ہوگا، انہوں نے کہا کہ یقینا آج کا دن گریجویٹس کا دن ہے اور ان کی اور ان کے اہل خانہ اور ان کے ٹیچرز کی خوشی قابل دید ہے، یہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے کہ وہ تعلیمی عمل مکمل کرنے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھ رہے ہیں جہاں انہیں بے شمار چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دینا ہے، بطور میڈیکل پریکٹیشنر آپ کو اپنے فرائض مکمل دلجمعی اور خلوص دل کے ساتھ ادا کرنا ہوں گے، اس کے ساتھ آپ کو ایک لیڈر شپ رول کے لئے بھی تیار رہنا ہے جیسا کہ عالمی ادارہ صحت اور ملک و قوم آپ سے توقع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ مشکل کام ہے کہ کمیونٹی کی ضروریات کے مطابق خود کو تیار کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور علم حاصل کیا جائے لیکن ناممکن نہیں، طبی پیشے سے وابستہ لوگوں کو دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا تبھی وہ اس شعبے میں کامیاب کہلائیں گے، انہوں نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تمام گریجویٹس آگے چل کر اپنی مادر علمی اور اپنے ملک کی سربلندی اور افتخار کے لئے کام کریں گے، پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم عراقی نے کہا کہ نوجوانوں کو نئے چیلنجز کے لئے تیار رہنا چاہئے۔

جدید تحقیق پر توجہ دی جائے تاکہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے قابل ہوں ۔ پرنسپل محمود حیدر نے کہا کہ کالج میں سالانہ 300 طلباء کو داخلہ دیا جاتا ہے کالج میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس شروع کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں