خدمت خلق ویلفیئر آرگنائزیشن

کراچی:خدمت خلق ویلفیئر آرگنائزیشن کی ایس بی سی اے کی من مانیوں کےخلاف احتجاجی ریلی

کراچی(نمائندہ عکس آن لائن)خدمت خلق ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی من مانیوں کے خلاف محمود آباد کے مکینوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی سابق نائب ناظم و سرپرست اعلیٰ لالا اورنگزیب، چیئرمین سید کامران شاہ،ملک بشیر،عظم خان،عادل زمان،اشتیاق پاپا،اشتیاق مرزا ، رحیم جدون و دیگر کی سربراہی میں نکالی گئی ۔ریلی محمود آباد گیٹ سے محمود آباد 6 نمبر تک نکالی گئی ، جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

احتجاجی ریلی کے شرکاءکا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں جبکہ بلڈر مافیا غیر قانونی تعمیرات میں مصرف عمل ہے، اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کی کال دی جائے گی ۔ خدمت خلق ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین سید کامران شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک علاقے سے بلڈر مافیا کو نکال نہیں دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ ان کی وجہ سے غیر قانونی بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہورہی ہیں جس سے ماحولیات کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی کے مسائل جیسے بجلی ،پانی ،گیس کی کمی واقع ہورہی ہے ،علاقے کے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں،اگر ان کو نہ روکا گیا تو احتجاج کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا جس میں دھرنے اور روڈ بلاک کیے جائیں گے ۔

منیر عباسی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ علاقے کے ایم پی اے سعید غنی سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کو تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات سے پاک کیا جائے ،اس وقت شہر بھر میں ایک طرف تو غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا جارہا ہے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی کررہی ہے جوکہ ایک قابل مذمت عمل ہے،متعلقہ ادارہ پیسے بٹورنے میں مصروف ہے، ان عمارتوں میں غیر معیاری میٹیریل استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ایک بلڈنگ کی چھت گر نے سے ایک خاتون کی جان بھی جاچکی ہے ،جس کی ایف آئی آر محمود آباد تھانے میں درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں