فردوس عاشق اعوان

کامیاب جوان پروگرام سندھی نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سندھی نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، نوجوانوں کیلئے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے کیلئے یہ اقدامات نا گزیر ہیں

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیر اعظم عمران خان نوجوانوں کی امید ہیں، آسان قرضوں کی فراہمی اور مالی معاونت انہیں کاروبار کرنے اور با اختیار بنانے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا،سندھ کے نوجوانوں کی ترقی وفاق ِپاکستان کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ہے، جمہوری اختلاف کو سازش کا رنگ دینے والے سیاسی مخالفین کو اطلاع ہو کہ حکومت اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جمہوری اختلاف کو جمہوری انداز میں سلجھا لیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی وترقی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں