فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کہاہے کہ ڈبلنگ یاچوپاکے ذریعے سورج مکھی کی کاشت نہائت مفید ہے تاہم کاشتکاررواں ماہ فروری کے آخر تک پلانٹر،ٹریکٹر ڈرل، سنگل رو کاٹن ڈرل، پوریاکیراکے ذریعے بھی سورج مکھی کاشت کرسکتے ہیں۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ ڈبلنگ یاچوپا کے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کے طریقہ میں پہلے کاشتکار اڑھائی فٹ کے فاصلے پر وٹیں بنائیں پھر پانی دے کر ہر آٹھ سے نو انچ کے فاصلے پر سوراخ کرکے ایک ایک بیج ان میں ڈال دیں۔
انہوں نے کہاکہ بیج ڈالتے وقت اس امر کا خیال رکھاجائے کہ بیج پانی میں نہ ڈوبے کیونکہ اس طرح بیج کے خراب ہونے کا خطرہ پیداہوسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ کھیلیوں پر لگائی ہوئی سورج مکھی کی فصل کو بہتر اگا کیلئے جلد آبپاشی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل کا قطاروں میں کاشت کرنا از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو سے اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاشی علاقوں میں نو انچ تک جبکہ بارانی علاقوں میں12انچ تک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکارسورج مکھی کا بیج وتر کی حالت میں کاشت کریں اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ دو انچ تک رکھی جائے۔