فیصل آباد(عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے دھنیہ کی بہتر پیداوارکیلئے فصل کی آبپاشی میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار آبپاشی کے سلسلہ میں خصوصی طور پر اس امر کا خیال رکھیں کہ کھیلیاں پانی میں ہرگز نہ ڈوبنے پائیں کیونکہ اس سے دھنیہ کی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے ۔
انہوں نے بتایاکہ اگر فصل کی بیجائی وتر میں کی گئی ہو تو فصل کے اگنے کے بعد 15 سے 20روز تک پانی نہ دیاجائے اور جب پودے 4سے 5انچ بڑے ہو جائیں تو ان کی چھدرائی کردی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پودے کا فاصلہ 9سے12 انچ تک رکھنے سے پودے اچھی طرح نشو ونما پاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دو سے تین مرتبہ گوڈی کر کے جڑی بوٹیوں کی تلفی سے پودے مؤثر انداز میں زمین سے اپنی غذا حاصل کرکے بہتر پرورش پاسکتے ہیں۔
انہوں نے دھنیہ کی کٹائی کے بعد زمین کی ذرخیزی کو مد نظر رکھتے ہوئے نائٹروجنی کھاد ڈالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو فصل کی بڑھوتری تیز کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔