فیصل آباد (عکس آن لائن) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اب جبکہ اپریل کاآخری ہفتہ شروع ہونے کے باعث لہسن کی فصل پوری طرح پک کرتیار اور پودے کے پتے خشک و بھورے رنگ کے ہو چکے ہیں اور فصل برداشت کے لئے تیار ہو چکی ہے لہٰذا لہسن کی فصل کو آبپاشی بند کرتے ہوئے اس کی برداشت کا فوری آغاز کردیاجائے۔
انہوں نے بتایاکہ کاشتکار احتیاط کے ساتھ کھرپوں کی مدد سے زمین کو کھود کر گٹھلیاں نکال لیں اور انہیں خشک کرنے کیلئے کسی سایہ دار جگہ پر پھیلا دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ لہسن کی گٹھلیوں کو کم سے کم تین سے چار روز کیلئے خشک کیاجائے اور جب اوپر سے چھلکے آسانی کے ساتھ اترنا شروع ہو جائیں تو گٹھلیوں کو پتوں سمیت باندھ کرخشک اورہوادار جگہ پر سٹور کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر نمی کی حالت میں لہسن کو سٹور کیاجائیگا تو اس کے گلنے سڑنے اور خراب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کاسامناکرناپڑسکتاہے۔