کماد

کاشتکاروں کو فروری کاشتہ کماد کی مارچ و اپریل میں 20سے 30دن کے وقفہ سے 2سے 3مرتبہ آبپاشی کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے فروری کاشتہ کماد کی آبپاشی کاشیڈول جاری کردیاہے اور مارچ و اپریل میں 20سے 30دن کے وقفہ سے 2سے 3مرتبہ آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد اقبال نے کہاکہ کاشتکار موسم کے لحاظ سے آبپاشی میں کسی تساہل کامظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کماد کی آبپاشی کی ضرورت بھی پڑتی جاتی ہے لہذا مئی اور جون میں اسے 10سے 12دن کے وقفہ سے 5سے 6 مرتبہ آبپاشی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جو کاشتکار کسی وجہ سے فروری میں کماد کاشت نہیں کرسکے وہ رواں ہفتہ کے دوران کماد کی بہاریہ کاشت مکمل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے 100سے 120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں.

جبکہ بیج کی کاشت کے دوران منظور شدہ اقسام کو ہی ترجیح دی جائے اور غیر منظورشدہ اقسام کی کاشت سے اجتناب کیاجائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی دشواری کاسامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ کاشت سے پہلے بیج کوکسی پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں تین سے پانچ منٹ تک بھگونے سے جہاں کماد کی فصل بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہے وہیں اس کی بڑھوتری بھی متاثر نہیں ہوتی۔ انہوں نے بوائی کے وقت درمیانی ذرخیز زمین میں2بوری ڈی اے پی اور2بوری پوٹاشیم سلفیٹ بھی ڈالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گہری کھیلیوں میں کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال کابھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیوں میں کاشت سے جہاں 50فیصدتک پانی کی بچت ہوتی ہے وہیں فصل گرنے سے محفوظ اور اضافی پیداوار کی بھی ضامن ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں