فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت کے ماہرین نے کاشتکاروں کو رواں ماہ مارچ کے دوران السی کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار السی کی کاشت رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول یقینی ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ السی کے بیج میں تیل کی مقدار 36سے42 فیصد تک ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ السی موسم گرماکی بہترین فصل ہے جس کا بیج بطور خوراک بھی استعمال کیاجاسکتاہے نیز اس کا ریشہ کپڑے کی صنعت میں کام آتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ السی کابیج تیل وارنش ، پینٹ ، چھاپہ خانے کی صنعت ، چمڑا سازی ، صابن کی تیاری میں بھی استعمال ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ السی درد کو تحلیل کرنے ، بلغمی کھانسی اور موسمی نزلہ و زکام کو دور کرنے میں بھی انتہائی معاون ہے۔
انہوں نے بتایاکہ السی میں الفالینک بھی پایاجاتاہے جو مچھلی کے تیل میں موجود ہوتاہے اسی طرح السی میں لینولینک ایسڈ ، اومیگا 6 بھی پایاجاتا ہے جو دل کے دورہ سے بچاؤ میں انتہائی مؤثرہے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات محکمہ زراعت یا ماہرین زراعت سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔