قصور(عکس آن لائن )محکمہ زراعت نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکارآلو کی موسم خزاں کی فصل کی برداشت شروع کردیں جبکہ آلوپاکستان کی اہم ترین فصل ہے جس کو مکمل غذا بھی تصورکیاجاتاہے کیونکہ اس میں نشاستہ‘ وٹامن‘معد نی نمکیات ‘لحمیات بھرپورمقدارمیں پائی جاتی ہیں۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ فصل کی برداشت سے5سے7روز قبل آلوکی بیلیں کاٹ دینی چاہئیں تاکہ انہیں وائرس پھیلانے والے کیڑوں سے بچایاجاسکے اور اس کا چھلکا بھی سخت ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی بیلیں کاٹنے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہوتاہے کہ اس کی جلدسخت ہوجاتی ہے اور وہ کولڈ سٹوریج میں زیادہ دیر تک ذخیرہ کرنے کے باوجود گلنے سے محفوظ رہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ آلوکی برداشت صبح کے وقت کی جائے جب درجہ حرارت مقابلتاً کم ہو۔انہوں کہاکہ زیادہ درجہ حرارت میں آلوکے خراب ہونے کا امکان زیادہ ہوتاہے۔