خواجہ حبیب الرحمان

کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے یکطرفہ نوعیت کے قوانین ختم کرنے کی ضرورت ہے’خواجہ حبیب

لاہور(عکس آن لائن )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ معاشی بحران کی بڑی وجہ ٹیکسز کی بھرمار ہے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے یکطرفہ نوعیت کے قوانین ختم کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکسوں کی بھرپور اور حکام کی آئے روز کی کارروائیوں سے کاروباری طبقہ پریشانی سے دوچار ہو گیا ہے اور اس نے سرمایہ کاری روک لی ہے،سرکاری ادارے یکطرفہ نوعیت کے قوانین کے سہارے کاروباری اور سرمایہ کار طبقے کو پریشان کر رہے ہیں اس صورتحال نے معاشی بحران کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے،صورت حال پر قابو نہ پایا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ملاقات کے لئے آنے والے خانیوال چیمبر آف کامرس کے عہدے داروں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں معیشتیں سکڑ رہی ہیں اور پاکستان اس دنیا کا حصہ ہے،

پاکستان کی برآمدات تب ہی بڑھیں گی جب دنیا کے دوسرے ممالک کی معیشت بہتر ہوگی۔ ایسا نہیں لگتا کہ مالی سال 2021 میں کوئی بہت بڑی مثبت تبدیلی آ سکتی ہے،مالی سال 2021 میں پاکستان کی معیشت میں شرح نمو ایک فیصد سے بڑھنے کی توقع ہے لیکن آبادی دو فیصد سے بڑھ رہی ہے اس کا مطلب ہے کہ ملک میں فی کس آمدنی کم ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کے درمیان ایک قابل قبول ارینجمنٹ قائم کرنا ہوگا اگر حکومت ایسا کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو پھر ملکی معیشت بھی استحکام کے راستے پر چل پڑے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں