مصباح الحق

ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی ازسرنو بحالی خوش آئند ہے ،بڑا چیلنج بھی ہوگا’مصباح الحق

لاہور(عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ازسرنو بحالی ایک بڑا چیلنج ہے،ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سے کھلاڑیوں کے لیے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ بورڈ پر بوجھ بھی کم ہوگا۔لاہور میں کلب میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی ملکی کرکٹ کیلئے بہت ہی اچھا قدم ہے، اس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔ ایک وقفے اور اسپورٹس شعبوں کی بندش کے بعد اب دوبارہ سے سارا سسٹم بنانا ڈیپارٹمنٹس کے لیے چیلنج ضرور ہوگا مگر مجھے یقین ہے کہ تمام محکمے اس سے نبرد آزما ہوں گے۔

مصباح الحق کے مطابق یہ تاثر غلط ہے کہ ڈیپارٹمنٹس تیار کھلاڑی لیتے تھے، حقیقت یہ ہے کہ ڈیپارٹمنٹس نے بہت سے باصلاحیت کھلاڑی تیار کئے ہیں،صرف سوئی ناردرن گیس نے اظہر علی، عمر اکمل، یاسر شاہ سمیت ان گنت کرکٹرز تیار کیے،عمر اکمل نے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی، یہاں سے وہ پالش ہوکر قومی ٹیم تک پہنچا۔ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کا کرکٹرز کو ہی فائدہ ہے،ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سے کرکٹرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ نئے سسٹم میں کھلاڑیوں کو مواقع بھی زیادہ ملیں گے، اب بھی ہماری کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کو ڈیولپ کریں،ڈیپارٹمنٹس کے لیے دوبارہ سے سسٹم بنانا چیلنج ہوگااور وہ ضرور اس چیلنج سے نبرد آزما ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں