اسلام آبا د(عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزم کی نظر بندی کیخلاف کیس میں نظر بندی کے عبوری حکم میں ایک دن کی توسیع کر دی۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔وفاقی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور کہاکہ عدالت نے قتل کے مرکزی مقدمہ میں وفاق کو نوٹس جاری نہیں کیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ حکومت سے جاننا چاہتے ہیں کیا کسی شہری کو یوں حراست میں رکھا جا سکتا ہے؟ ۔
خالد جاوید نے کہاکہ جہاں قانون کی تشریح کرنا ہو وہاں اٹارنی جنرل کو نوٹس لازمی ہوتا ہے۔ معاون وکیل نے کہا کہ احمد عمر شیخ کے وکیل محمود شیخ بیمار ہیں۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ مرکزی اپیلوں کی آرڈر شیٹ کا جائزہ لیں گے۔ معاون وکیل نے کہاہ بہتر ہوگا سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کی جائے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ فکر نہ کریں محمود شیخ کو سن کر ہی کوئی فیصلہ کرینگے۔
معاون وکیل نے کہاکہ محمود شیخ کا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے رپورٹ کا انتظار ہے، عمر شیخ دس ماہ سے غیرقانونی حراست میں ہیں۔بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائیکورٹ سے مقدے کا تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ۔کیس کی سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی گئی ۔