افتخار علی ملک

ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت میں خطاب کے دوران پاکستان کے بارے میں دوستانہ تذکرہ خوش آئند ہے، افتخار علی ملک

لاہور(عکس آن لائن )پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی صدر اور سارک چیمبر آف کامرس کے نامزدصدر افتخار علی ملک نے بھارت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ریلی سے خطاب کے دوران پاکستان کے بارے میں دوستانہ تذکرے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ،انڈیا اور افغانستان کے حوالے سے جنوبی ایشیا کے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی منظر نامے میں امریکہ کا کردار تیزی سے زیادہ اہم ہو رہا ہے۔

ایک بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا جنوبی ایشیائی ممالک میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کا عزم قابل تحسین ہے اور پاکستان خطے کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے، معیشت کے استحکام، امن و سلامتی اور بہتر بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم سے علاقائی ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہی خطے میں امن اور معاشی خوشحالی کے لئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خطہ انسانی و قدرتی وسائل سے مالامال ہے جہاں دنیا کی کل آبادی کا پانچواں حصہ آباد ہے اور یہاں علاقائی ترقی کے لئے بہت بڑے مقامی اور قدرتی وسائل موجود ہیں۔سارک کا سماجی چارٹر آگے بڑھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے اور ہمارا ملک اس ضمن میں سارک کے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جنوبی ایشیا سرحد پار تجارت، روابط کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور نقل و حرکت کے اعتبار سے دنیا کے سب سے کم مربوط خطوں میں شامل ہے۔ آپسی تجارت ہماری تجارت کے کل حجم کا 5 فیصد سے بھی کم ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے جسے کئی گنا بڑھانے کی ضرورت ہے۔ افتخار ملک نے کہا کہ باصلاحیت اور محنتی انسانوں پر مشتمل ہماری مشترکہ آبادی دنیا بھر کے ہیومن ریسورس اور ابھرتی ہوئی عالمی منڈی کا ایک چوتھائی حصہ ہے۔ سائنس ، ٹیکنالوجی ، آرٹ ، ثقافت اور تجارت میں ہماری شراکت کسی طور کم نہیں، ہم قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ تھوڑی سی توجہ، غور و فکر اور منصوبہ بندی سے یہ خطہ نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے لئے خوشحالی اور ترقی کی امید بن سکتا ہے۔

انہوں نے آسان ویزا پالیسی کے ذریعے عوامی رابطے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویزا لبریلائزیشن جنوبی ایشیائی ممالک میں پائیدار معاشی ہم آہنگی، امن، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ افتخار ملک نے خطے میں پائیدار ترقی اور امن کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھارت کے ساتھ دوستی کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور اگر بھارت خطے میں امن کی بحالی کی طرف ایک قدم اٹھاتا ہے تو پاکستان اس سمت میں دو قدم اٹھائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں