اگاہی سیمینار

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے اگاہی سیمینار

گوجرانوالہ(عکس آن لائن ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے اگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈاکٹر سہیل انجم بٹ(میڈیکل سپرنٹینڈنٹ), ڈاکٹر عاصم سلیم شیخ(جنرل فزیشن), ڈاکٹر شاہد حسین(پروفیسر اف ای۔این۔ٹی)، ڈاکٹر یونس(پروفیسر اف پلمونولوجی), ڈاکٹر معیزمنصور (پبلک ہیلتھ افیسر) نے کرونا وائرس سے حفاظتی تدابیر پر تفصیلی گفتگو کی۔ سیمینار میں ہسپتال کے عملہ اور سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ڈرنے اور خوف کی فضا قائم کرنے کی بجائے صرف احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ احتیاطی تدابیر میں ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن اور پانی سے بار بار دھوئیں، گندے ہاتھوں سے انکھ،ناک،اور منہ کو مت چھوئیں، کھانسی یا چھینک انے پر منہ اور ناک کو ہاتھوں کی بجائے ٹشو یا استین کے کپڑے سے ڈھانپیں،استعمال کے بعد ٹشو کو مناسب طریقے سے ضائع کریں، نزلہ زکام ہونے کی صورت میں دوسرے افراد سے ایک میٹر کی دوری اختیار کریں،اگر اپ کو نزلہ زکام ہے تو گلے ملنے یا ہاتھ ملانے سے گریز کریں، بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔اس ضمن میں ڈاکٹر سہیل انجم بٹ نے بتایا کہ ٹراما سنٹر میں اس مقصد کے لیے فلٹریشن کاونٹر بنا دیا گیا ہے جہاں مشتبہ مریضوں کو رجسٹر کیا جائے گا۔

اس موقع پر میڈیکل سوشل آفیسر عدنان ریاض بٹ نے کہا کی کورونا سے متعلق عوام میں غلط اور غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث بہت خوف پایا جا رہا ہے اس لیے ہم اگاہی مہم جاری رکھیں گے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بارے میں اگاہ کیا جا سکے اور اس پر قابو پایا جا سکے-

اپنا تبصرہ بھیجیں