ڈاہرانوالہ(نمائندہ عکس آن لائن)ڈاہرانوالہ کے نواحی چک 200 مراد میں بچوں کا واحد گورنمنٹ بوائزپرائمری سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہے.سکول کی چاردیواری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سکول کے اندر جانوروں نے ڈیرے ڈال لیے جبکہ سکیورٹی خدشات کے باعث بچے خوف کا شکار نظر آتے ہیں.سکول میں آج کے جدید دور میں بھی ڈاٹ سسٹم رائج ہے.ناکافی کمروں کے باعث بچوں کی اکثریت کھلے آسمان تلے ٹاٹوں پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہے.
تین سال قبل سکول کے اندر نئی بلڈنگ کی منظوری دی گئی لیکن ٹھیکدار بلڈنگ ادھوری چھوڑ کر فرار ہو گیا جس کاآج تک کوئی پرسان حال نہیں.اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کے افسران اے سی کمروں میں غفلت کی نیند سو رہے ہیں جبکہ گاﺅں کے بچوں کا مستقبل دن بدن تاریک ہو رہا ہے.سکول میں مناسب سہولیات نہ ہونے سے بچے 20 کلومیٹر دورڈاہرانولہ کے نجی سکولوں میں مہنگی تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں.چک 200 مراد کے لوگوں نے ڈاہرانوالہ پریس کلب کے توسط سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ گاﺅں کے بچوں کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سکول کو اپ گریڈ کر کے مڈل سکول کا درجہ دیا جائے اور سکول کی بلڈنگ،چار دیوراری کو جلد از جلد مکمل کیا جائے