لاہور ( عکس آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 24 ملزمان کی ضمانتوں پر پراسیکیوشن اور سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 24 ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن ضمانتوں پر دلائل مکمل کرے جس پر پراسیکیوشن نے جواب دیا کہ مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ موجود نہیں ہے، عدالت تاریخ دے دے آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔
بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن اور سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، صداقت حسین، رفیق خان، اعزاز رفیق سمیت 24ملزمان نے جیل سے اپنے وکلا کے ذریعے ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج ہے۔