میاں زاہد حسین

ڈالر سستا ہونے سے عوام کو فائدہ پہنچنا شروع ہوگیا ہے،میاں زاہد حسین

کراچی (عکس آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت اورفوج کے اقدامات کے نتیجے میں معیشت سست روی سے سنبھل رہی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء سمیت بہت سی چیزوں کی قیمت کم ہورہی ہے جس سیعوام پربوجھ کم ہورہا ہے جو قابل تعریف ہے۔

غیر ضروری درآمدات پرمحاصل بڑھا کرانکی حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ درست سے جس کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اس سے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے معاملے میں سنجیدگی اورمکمل یکسوئی کی وجہ سے ملک مسائل کے دلدل سے باہر نکلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے تاہم حالات نارمل ہونے میں وقت لگے گا۔ نگران وزیراعظم نے بھی برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور مقامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مشورے دیتے ہوئے اسکے فوائد گنوائے ہیں جبکہ انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ حکومت اخراجات میں کمی لائے گی اور ریونیو بڑھائے گی تاکہ ملکی معیشت کی حالت بہتر ہوسکے اورعوام کے مصائب میں کچھ کمی آئے۔

اس وقت معاشی اشاریوں اور زرمبادلہ کے ذخائر کی حالت بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے اورامید ہے کہ صنعت، زراعت، تجارت اور خدمات کے شعبوں میں بہتری آئے گی تاہم اس کے لئے معیشت کوسیاست سمیت ہر چیز پر مقدم رکھنا ضروری ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لئے الیکشن کا جلدازجلد انعقاد ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات جنوری میں ہونگے مگر ابھی تک کسی سیاسی پارٹی نے الیکشن باقائدہ مہم شروع نہیں کی ہے۔ الیکشن جتنی جلدی ہوجائیں اتنا ہی بہتر ہے تاکہ بے یقینی ختم کی جا سکے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف دینا ضروری ہوگیا ہے جس کا آغاز بجلی کی قیمت کم کرنے سے کیا جائے جبکہ گیس اور پٹرول وڈیزل کی قیمت بھی کم کرنا ضروری ہوگئی ہے۔

بجلی، گیس اور ایندھن کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے جو ڈالر کی قدر میں کمی سے کچھ کم ہورہی ہے تاہم سستی پیداوار اور برآمدات کے لئے کاروباری لاگت کم کرنا ضروری ہوگئی ہے جس کے بغیرعوام کو ریلف نہیں دیا جا سکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ بحرانی کیفیت ختم ہوتے ہی حکومت عوام صنعتکاروں اور تاجروں کو ریلیف دینے کا منصوبہ بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں