اسلام آ باد (عکس آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے، حکومت پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے چین کی حکومت خصوصا صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں،پاکستان چین سے کورونا ویکسین وصول کرنے والا پہلا ملک ہے ۔
پیر کو نور خان ایئر بیس پر کورونا ویکسین کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم ،عوام اورحکومت کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرتاہوں،چین نے ویکسین کی فراہمی کاعملی مظاہرہ پاکستان کو دے کر کیا،چین نے پاکستان کو ویکسین کی پانچ لاکھ ڈوز کاتحفہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی سربراہی میں حکومت نے کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنائی ، کورونا کیخلاف جنگ میں چین ہمارے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔چینی ڈاکٹرز اور طبی ٹیم نے کورونا میں آکر ہماری رہنمائی کی،چینی ڈاکٹرز کی رہنمائی قابل ذکر ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان ایئرفورس کا جہاز فوری طور پر بیجنگ سے ویکسین لایا، پاکستان ایئرفورس کے معترف ہیں ، ایئر فورس نے جس طرح 27 فروری کو پاکستان کادفاع کیا اس پر قوم کوفخر ہے ۔ وزیر خارجہ کاکہناتھا کہ چین اورہماری دوستی لازوال ہے، پاکستان اورچین نے ملکر ویکسین کیلئے تجربات کاآغاز کیاتھا، نتائج کامثبت آنا حوصلہ افزا خبر ہے،پاک چین دوستی زندہ باد۔پاکستان چین سے کورونا ویکسین وصول کرنے والا پہلا ملک ہے ۔