بیجنگ ( عکس آن لائن) چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاو میں کرونا وائرس کے نو مریض رپورٹ ہونے کے بعد حکومت نے پورے شہر کے کرونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا ہے ، حکام نے کہاہے کہ شہر کی تمام 90 لاکھ آبادی کا ٹیسٹ اسی ہفتے صرف پانچ روز کے دوران کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق رپورٹ ہونے والے ان نو کیسز سے چین میں جاری ان ہفتوں کا تسلسل ٹوٹ گیا ہے جن کے دوران کرونا وائرس کی مقامی منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔چین میں کرونا کی مقامی منتقلی کے کیسز آخری مرتبہ 15 اگست کو رپورٹ ہوئے تھے.
جس کے بعد سے مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر نو کیسز رپورٹ ہوئے ۔چین کے قومی صحت کمشن نے کہا کہ حکام چنگ ڈاو کے ایک اسپتال کے آٹھ مریضوں اور عملے کے ایک رکن کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔چنگ ڈاو ایک مصروف اور کاروباری لحاظ سے اہم شہر ہے جہاں کچھ بڑی کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹر بھی قائم ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ آئندہ پانچ روز کے دوران پورے شہر کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔