اسلام آباد (عکس آن لائن) رواں مالی سال کے دوران چین سے مصنوعات اور خدمات کی درآمدات میں 7.81 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران درآمدات کا حجم 7638.407 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2018-19ء کے دوران 8286.397 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران چین سے کی جانے والی درآمدات میں 647.990 ملین ڈالر یعنی 7.81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران مجموعی قومی درآمدات میں 16.93 فیصد کمی ہوئی ہے اور جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران مجموعی درآمدات کا حجم 36.090 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کا حجم 43.447 ارب ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی درآمدات میں 7.357 ارب ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ درآمدات میں کمی قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں اضافہ و استحکام کا سبب بنی ہے۔