اسلام آ باد (عکس آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا سوچ
اور جارحانہ پالیسیوں سے خطے کے امن کوخطرہ ہے،
چین سے حزیمت اٹھانے کے بعد بھی بھارت ہٹ دھرمی کی روش پر کاربند ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت علاقائی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا
جس میں معید یوسف، سہیل محمود، اعلیٰ عسکری حکام اور سینئرافسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی شرکت کی۔
اس دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت اور خطے میں امن کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،
افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی کے متعدد امور پر بھی مشاورت ہوئی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژکرنا چاہتا ہے،
بھارت داخلی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنارہاہے،
چین سے حزیمت اٹھانے کے بعد بھی بھارت ہٹ دھرمی کی روش پر کار بند ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بھارتی خلاف ورزیوں کو ہر عالمی وعلاقائی فورم پر اٹھا رہا ہے،
عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔