جان اچکزئی

چینی وظائف بلوچستان کے طلبا کو چین میں تعلیم اور قابل قدر مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں گے، جان اچکزئی

کوئٹہ (عکس آن لائن)بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے چینی حکومت کی جانب سے گوادر کے لئے 1,200 وظائف فراہم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے ۔ پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان دنیا کے لیے ایک گیٹ وے ہےاور چین کی توجہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) میں سرمایہ کاری پر مرکوز ہے۔بلوچستان اور چینی حکومت تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

نگران وزیر نے یقین دلایا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور بلوچستان ان تعلقات کا مرکز ہوگا۔انہوں نے بلوچستان میں مختلف منصوبوں میں تعاون پر چینی سفارتخانے کا شکریہ بھی ادا کیا۔ جان اچکزئی نے مزید کہا کہ سکالرشپ کا اقدام بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے چین کے وسیع عزم کا حصہ ہے۔ سی پیک ایک بڑا اقتصادی منصوبہ ہے جو چین کے صوبہ سنکیانگ کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ سے جوڑے گا۔

توقع ہے کہ اس منصوبے سے بلوچستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور مقامی باشندوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سکالرشپ کا اقدام چین اور بلوچستان کے درمیان تعلقات کی ترقی میں اہم قدم ہے۔ وظائف بلوچستان کے طلبا کو چین میں تعلیم اور قابل قدر مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ اس سے آنے والے سالوں میں مزید خوشحال بلوچستان کی تعمیر میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں