مجاہد انور خان

چینی ملٹری ایوی ایشن ٹیکنالوجی عصرِ حاضر میں عسکری چیلینجز سے مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ،مجاہد انور خان

اسلا م آباد (عکس آن لائن )سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں چینی ملٹری ایوی ایشن ٹیکنالوجی دورِ جدید کی عسکری ضروریات کا ایک اہم جزو ہے اور عصرِ حاضر کے تمام چیلینجز سے مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ترجما ن پاک فضائیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر جاری پاک چین مشترکہ مشق شاہین- IX میں ایک جدید چینی ساختہ جنگی طیارہ اڑانے کے بعد کیا۔

چینی پائلٹس کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ چینی پائلٹس کی عسکری ہوابازی کی غیر معمولی صلاحیتیں PLAAF کی جدید تربیت کی عکاس ہیں۔مشق کے کامیاب انعقاد پر ائیر چیف نے ہوا بازی کے وسیع میدان میں جدیدیت کو استوار کرنے کے لئے دونوں فضائی افواج کے باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ائیر چیف نے کہا کہ دورِ جدید میں عسکری ہوابازی کے میدان میں ترقی کے لئے نہ صرف ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر نا ضروری ہے بلکہ اس مہارت کا اطلاق جنگی حکمت عملی اور تدبیر دونوں پر کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ شاہین سیریز مشقیں دونوں فضائی افواج کے لئے ایک دوسرے کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دونوں افواج کی عسکری صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو تقویت دینے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ پاک چین مشترکہ فضائی مشق شاہین- IX جو کہ 09 دسمبر کو شروع ہوئی تھی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں