عالمی میڈ یا

چینی اور اسرائیلی وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک بات چیت

بیجنگ (عکس آن لائن)چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ ایلی کوہن نے فلسطین- اسرائیل تنازع پر اسرائیل کے موقف اور سلامتی کے خدشات کو بیان کیا۔
وانگ ای نے کہا کہ موجودہ فلسطین- اسرائیل تنازع پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے اور اس میں جنگ اور امن کے درمیان انتخاب سب سے اہم ہے۔ چین کو تنازع اور اس کی شدت میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش ہے اور اس تنازع کی وجہ سے بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت پر چین گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ وانگ ای کا کہنا کہ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے کی تمام کارروائیوں نیز بین الاقوامی قانون کی کسی بھی خلاف ورزی کی مذمت اور مخالفت کرتا ہے۔ تمام ممالک کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن انہیں انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہیے اور شہریوں کا تحفظ کرنا چاہیے۔ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سےروکنا اور زیادہ سنگین انسانی بحران سے بچنا ضروری ہے۔

وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین- اسرائیل تنازع کے بار بار دہرائے جانے سے جو تلخ سبق ملتا ہے وہ یہ ہے کہ پائیدار سلامتی صرف مشترکہ سلامتی کے تصور پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کی جاسکتی ہے اور صرف سیاسی حل پر عمل کرکے ہی اسرائیل کے سلامتی کے خدشات کو مکمل طور پر حل کیا جاسکتا ہے۔

امید ہے کہ فلسطین اور اسرائیل موجودہ اور آنے والی نسلوں کی مشترکہ امن و سلامتی کے طویل مدتی مفادات کے تناظر میں جلد از جلد دو ریاستی حل کے درست راستے پر واپس آئیں گے، امن مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے اور فلسطین و اسرائیل ، دونوں ممالک پرامن بقائے باہمی کا حصول کریں گے نیز عرب اور یہودی عوام کی ہم آہنگ بقائے باہمی کا حصول بھی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں