سرفراز احمد بگٹی

چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی گئی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا، سرفراز احمد بگٹی

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا،چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے،عدالتی اصلاحات کی بہت ضرورت ہے، عدلیہ کے مسائل ہیں جن کا سب کو پتہ ہے،نگراں حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن )کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ عدالتی اصلاحات کی بہت ضرورت ہے، عدلیہ کے مسائل ہیں جن کا سب کو پتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف پر جو کیسز بنے وہ زیادہ تر بے بنیاد تھے، تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ بیٹے سے تنخواہ لینے کے جرم میں کوئی نا اہل ہوا ہے۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ نگراں حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا، نگراں حکومت کے لیے نواز شریف اور بلاول بھٹو ایک جیسے ہیں اور دونوں قابلِ احترام ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق وزارتِ داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ تاحال تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں، یہ عمل ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گا، واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد سے زیادہ تعداد افغان تارکین وطن کی ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں افسوسناک واقعات میں را کا کردار رہتا ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کی فالٹ لائنز میں ملک مخالف ایجنسیاں ہمیشہ اضافہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔نگراں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ گلگت بلتستان، جڑانوالہ اور دیگر جگہوں پر سازش کے تانے بانے کہیں اور جا کر ملتے ہیں، ہم بدقسمت لوگ ہیں کہ ہم اس بہکاوے میں آ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر عدالت کا نگراں وزیرِ اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں، پاکستان میں لاپتہ افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے، لاپتہ افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈے کا ہتھکنڈا بن چکا ہے۔نگراں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ جتنے لاپتہ افراد کی لسٹ دی جاتی رہی ہیں ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہو چکے ہیں، اختر مینگل کی لاپتہ افراد سے متعلق لسٹ درست نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں