راولپنڈی(عکس آن لائن) سینئر سیاستدان اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نےکل پیر کو پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلف اٹھانے سے قطعی طور پر میرے موقف یا سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، اسمبلی سے کسی قسم کی مراعات نہیں لوں گا ،حلف اٹھانے کا بنیادی مقصد حلقے میں سیاسی حالات اور محرکات کو کنٹرول کرنا ہے، یہ عجیب منطق ہوگی کہ ایک طرف سیٹ چھوڑ دی جائے اور پھر دوسری ہی سانس میں ضمنی انتخابات میں حصہ بھی لیا جائے، الیکشن کا بائیکاٹ کرنا اور میدان کھلا چھوڑنا اس سے بھی بڑی سیاسی غلطی ہوگی خاص طور پر جب عام انتخابات ہونے میں ڈیڑھ دو سال باقی ہوں۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے میرے پنجاب اسمبلی کے حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کے حوالے سے مختلف خبریں اور کہانیاں گردش کرتی رہیں میں نے اس بارے میں نہ تو کوئی بیان دیا اور نہ ہی میرے کسی سیکرٹری یا ترجمان نے اس پر لب کشائی کی مگر اس کے باوجود کہانیاں بنتی رہیں پچھلے چند ہفتوں سے حلقے کے عوام کے ساتھ انتہائی گفت و شنید اور باہمی مشاورت کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے کل پیر کے اجلاس میں حلف اٹھاﺅں گا مگر حلف اٹھانے سے قطعی طور پر میرے موقف یا سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی،
اسمبلی سے کسی قسم کی مراعات نہیں لوں گا جس میں تنخواہ‘ ٹی اے ‘ ڈی اے سمیت مراعات شامل ہیں۔ حلف اٹھانے کا بنیادی مقصد حلقے میں سیاسی حالات اور محرکات کو کنٹرول کرنا ہے یہ عجیب منطق ہوگی کہ ایک طرف سیٹ چھوڑ دی جائے اور پھر دوسری ہی سانس میں ضمنی انتخابات میں حصہ بھی لیا جائے الیکشن کا بائیکاٹ کرنا اور میدان کھلا چھوڑنا اس سے بھی بڑی سیاسی غلطی ہوگی خاص طور پر جب عام انتخابات ہونے میں ڈیڑھ دو سال باقی ہوں۔ مزید برآںکورونا وباءاور عوام کو بڑے اجتماع کے حوالے سے اس وباءسے بچانے کی ضرورت بھی ہمارے فیصلے پر اثر انداز ہوئی۔