نواز شریف اور مریم نواز

چوہدری شوگر ملز کیس، نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور

لاہور (عکس آن لائن ) احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی جب کہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 22 نومبر تک توسیع کر تے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور یوسف عباس کو 22 نومبر کو پیش ہونے کا حکم د یدیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی ، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی گئی، درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف کی طبیعت سخت خراب ہے ، زیر علاج ہیں ، گھر میں آئی سی یو کی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔درخواست میں کہا گیا انتہائی ضرورت پرگھر کے سامنے شریف میڈیکل تک لے جایا جاسکتا ہے، عدالت کیس میں نواز شریف کو حاضری سے استثنی دے۔گی جبکہ یوسف عباس کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جس پر عدالت نے مریم نواز کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔

چوہدری شوگر ملزکیس میں مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں ، سماعت شروع ہوئی تو نیب پراسیکیوٹر نے نوازشریف کی حاضری سےاستثنی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا نوازشریف گھر پر ہیں، اسپتال میں نہیں، درخواست کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں لگایا گیا، درخواست پر نواز شریف کے دستخط بھی نہیں۔ضمانتی مچلکوں پر دستخط سے متعلق مریم نواز نے عدالتی عملے سے استفسار کیا یہ اب مجھ سے دستخط کیوں کرا رہے ہیں ،جس پر فاضل جج نے کہا یہ اس لیے کرارہے ہیں کل آپ نہیں آ ئی تو ضامن کو بلایا جائے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ کا حکم ہو اور ہم پیش نہ ہوں، نواز شریف کو چھوڑ کر آنا بہت مشکل تھا مگر عدالتی حکم پر آئی ہوں، وکیل نے کہا جب تک ریفرنس نہ آئے اس وقت تک ملزم کو استثنی دیا جاسکتا ہے، اس وقت انکوائری ہورہی ہے، ٹرائل شروع نہیں ہوا، ضمانت کے بعد نیب کیسز میں ریفرنس آنے تک ملزم کو استثنی دیا جاتا ہے۔

وکیل مریم نواز نے کہا یہ پہلا کیس نہیں نیب کے 20 سال سے ایسے کیس چل رہے ہیں، ماجھے ساجھے اور نوازشریف کے کیس کو ایک جیسا چلنا چاہیے، پراسیکیوٹر نے یہ تو بتایا نہیں کہ ریفرنس کب دائر کر رہے ہیں، جس پر نیب کا کہنا تھا کہ ضمانت کے بعد بھی ملزمان کو ہر صورت عدالت میں پیش ہونا چاہیے۔

فاضل جج نے کہا میری عدالت میں سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک ہوگا، عدالت نے نواز شریف کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی ، وکیل نے کہا ضمانت کے بعد ریفرنس کے دائر ہونے تک ملزم کا پیش ہونا ضروری نہیں ، جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ملزم کا ہر پیشی پر آنا لازمی ہے۔بعد ازاں عدالت نے اس نکتے پر وکلا کو بحث کے لیے آئندہ سماعت پرطلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی

اپنا تبصرہ بھیجیں