لاہور(عکس آن لائن ) احتساب عدالت نے چوہدری شوگرملزکیس میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں2 دن کی توسیع کرتے ہوئے 25 اکتوبر کو دوبار پیش کرنے کا حکم دے دیا۔چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت لاہور احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کی۔ مریم نواز شریف اور یوسف عباس کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب دائر کیا جائے گا ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، چئرمین نیب کی منظوری کے بعد دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کر دی، نیب کو 25 اکتوبر کو دوبار پیش کرنے کا حکم د یتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔
مریم نواز شریف کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا۔ ایم اے او کالج سے سیکریٹریٹ تک راستوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے۔